میلسی ریلوے پھاٹک کے قریب سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار
جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ، ریڑھیاں الٹنے لگیں، گاڑیوں کو نقصان شہریوں اور تاجروں کوشدید مشکلات ، حکام سے فوری مرمت کرانے کا مطالبہ
میلسی (نامہ نگار )مرکزی تنظیم انجمن تاجران کے بانی وسیم احمد شیخ نے کہا ہے کہ میلسی ریلوے پھاٹک کے قریب سڑک انتہائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہے جہاں جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس خستہ حال سڑک کے باعث گزرنے والی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ اکثر رکشے اور ریڑھیاں الٹنے کے واقعات بھی معمول بن چکے ہیں۔وسیم احمد شیخ کا کہنا تھا کہ شہریوں اور تاجروں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن متعلقہ ادارے اس مسئلے سے چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کرائی جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکے اور شہریوں کو ریلیف ملے ۔