شوہر و دیگر ملزموں سے جان کو خطرہ،تحفظ کی اپیل

شوہر و دیگر ملزموں سے جان کو خطرہ،تحفظ کی اپیل

مسلسل تشدد، کمرے میں بند رکھا جاتا تھا، تھانہ خان گڑھ پولیس نے بازیاب کرایانامزد ملزموں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا ، متاثرہ ارم مختیارکی پریس کانفرنس

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) تھانہ خانگڑھ کے علاقے رنگیل پور کی رہائشی ارم مختیار نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے اپنے شوہر اور دیگر ملزموں سے شدید جان کا خطرہ لاحق ہے اور ڈی پی او مظفرگڑھ فوری نوٹس لیکر اسے تحفظ اور انصاف فراہم کریں۔ارم مختیار نے مظفرگڑھ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً سات ماہ قبل اس کی مرضی کے خلاف اس کی شادی اس کے کزن محسن سے کر دی گئی۔ شادی کے بعد اسے مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور اکثر اسے کمرے میں بند رکھا جاتا تھا۔ مورخہ 16 مارچ 2026 کو پولیس ٹاؤٹ ناصر حسین شاہ کے ایماء پر دیگر ملزمان ندیم شاہ، مختیار حسین، روبینہ اور محسن نے اسے زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش کی، تاہم اس نے مزاحمت کی اور فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے مدد طلب کی۔ارم مختیار کے مطابق تھانہ خانگڑھ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بازیاب کرایا اور بعد ازاں دارالامان مظفرگڑھ منتقل کیا گیا۔ وہ اب اپنی مرضی سے دارالامان سے نکل کر اپنی والدہ کی دوست خالہ کے گھر رہائش پذیر ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ابھی تک ان کے مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا جبکہ ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ارم مختیار نے میڈیا کے توسط سے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی او مظفرگڑھ سے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں