کبیروالا میںمولا پور کے قریب حادثہ، ایک شخص جاں بحق
ہائی ایس الٹنے سے پندرہ افراد زخمی، تین کی حالت تشویشناک ،نشتر ہسپتال ملتان منتقل
جودھ پور، بارہ میل (نمائندہ دنیا) کبیروالا کے نواحی علاقے مولا پور کے قریب ٹریفک حادثہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پندرہ افراد شدید زخمی ہو گئے ، تین زخمیوں کو سر پر چوٹ آنے کے باعث تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہائی ایس موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار افراد زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیروالا منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ورثاء کے مطابق ٹی ایچ کیو ہسپتال کبیروالا کی طبی ٹیم نے زخمیوں کا بروقت اور بہتر علاج کیا، تمام مریضوں کے ایکسرے کیے گئے جبکہ ہسپتال میں ادویات بھی وافر مقدار میں دستیاب تھیں جس پر لواحقین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میثم رضا بھٹہ نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور عملہ مریضوں کی مکمل دیکھ بھال کر رہا ہے ، مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔