وہاڑی کسان اتحاد اجلاس، گندم نرخوں پر تشویش کا اظہار
حکومتی پالیسیوں پر تحفظات، کسانوں کیلئے براہ راست ادائیگی کا مطالبہ
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی ) پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی دفتر میں تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کے نرخوں اور موجودہ زرعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں حکومتی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کسانوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس کی صدارت مرکزی صدر آل پاکستان کسان اتحاد ملک ذوالفقار اعوان نے کی جبکہ ضلعی صدر وہاڑی چوہدری عبدالغنی بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں دیگر عہدیداران اور اراکین نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت گندم کی خریداری مقررہ نرخ کے حساب سے یقینی بنائے اور کسانوں کو براہِ راست ادائیگی کا نظام متعارف کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ درمیان میں موجود منافع خور عناصر کا خاتمہ ضروری ہے جو کسانوں کا استحصال کر رہے ہیں۔ رہنماؤں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔