تعلیمی نقصان روکنے کیلئے تدریسی دن 190 کرنے کا فیصلہ

تعلیمی نقصان روکنے کیلئے تدریسی  دن 190 کرنے کا فیصلہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)طلبہ کے معیار تعلیم میں بہتری اور تعلیمی نقصان سے بچاؤ کے لئے محکمہ سکولز نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے تدریسی دنوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔

نئے فیصلے کے تحت تعلیمی سال میں تدریسی دنوں کی کم از کم تعداد 180 سے بڑھا کر 190 دن کر دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق یہ اقدام اس لئے کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو نصابی کتب کی مکمل تیاری کا مناسب موقع مل سکے اور امتحانات سے قبل وقت کی کمی کے باعث پیدا ہونے والے تعلیمی خسارے کو کم کیا جا سکے ۔ ماہرین تعلیم کے مطابق 180 دنوں میں طلبہ اکثر اہم موضوعات کو مکمل طور پر نہیں سمجھ پاتے ، جس سے ان کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے ۔نئی پالیسی کے تحت تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی جائے گی۔ کہ وہ تعطیلات میں کمی کر کے اضافی تدریسی دنوں کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ متبادل نظام بھی وضع کیا جا رہا ہے تاکہ اساتذہ اور طلبہ دونوں پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے ۔ماہرین تعلیم نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تعلیمی معیار بہتر ہوگا اور امتحانی نتائج پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ تاہم بعض اساتذہ تنظیموں نے تدریسی بوجھ میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں