ملتان بورڈ میں امتحانی کنٹرول روم قائم، نگرانی سخت
شفاف امتحانات کیلئے جدید ٹیکنالوجی، نقل کی روک تھام یقینی بنانے کا عزم
ملتان (خصوصی رپورٹر)سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان خرم شہزاد قریشی نے امتحانی کنٹرول روم کے دورے کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف اور منصفانہ امتحانات کے انعقاد کے لئے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم کے ذریعے امتحانی مراکز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ نقل کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہو اور طلبہ کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مربوط رابطہ نظام کے ذریعے شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور کسی بھی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔خرم شہزاد قریشی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورڈ شفافیت، میرٹ اور معیار تعلیم کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ امتحانی نظام پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔