چوری و ڈکیتی، نقدی ، موبائل،قیمتی سامان چھن گیا
احسان کے گھر کا صفایا، ارشاد، سلیم، راشدموبائل، نقدی سے محروم
ملتان (کرائم رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کے دوران شہری نقدی اور قیمتی سامان سے محروم ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔تھانہ کوتوالی کے علاقے میں نامعلوم افراد احسان کے گھر سے ڈیڑھ تولہ چاندی اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے ، جبکہ اسی علاقے میں ارشاد سے نامعلوم ملزموں نے نقدی چھین لی۔ تھانہ گلگشت میں سلیم کا موبائل فون اور راشد کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی۔ تھانہ بی زیڈ کے علاقے میں یاسر کے گھر سے سولر سسٹم کی وائرنگ چوری کرلی گئی۔تھانہ ڈی ایچ اے کے علاقے میں شفیق کے زیر تعمیر مکان سے پانی کی موٹر چوری ہوگئی جبکہ اسی تھانے کی حدود میں حذیفہ کے گھر سے متفرق سامان چوری کرلیا گیا۔ تھانہ کینٹ کے علاقے میں ہاشم اور عدنان کے موبائل فون چھین لئے گئے جبکہ اعجاز سے نقدی چھین لی گئی۔ اسی علاقے میں نوسرباز خواتین نے مہرالنساء سے موبائل فون، نقدی اور زیورات ہتھیا لئے ۔تھانہ جلیل آباد کے علاقے میں ارشد کی موٹر سائیکل اور آصف کا موبائل فون چوری ہوگیا، جبکہ تھانہ مظفر آباد میں حامد کے گھر سے موبائل فون اور نقدی چوری کرلی گئی۔ تھانہ قطب پور میں سعیدہ بی بی کا موبائل فون چوری ہوا۔ تھانہ دہلی گیٹ کے علاقے میں مسلح افراد نے مبین سے موٹر سائیکل چھین لی۔مزید برآں تھانہ دولت گیٹ کے علاقے میں مطلوب کے گھر سے پانی کی موٹر چوری ہوگئی، تھانہ حرم گیٹ میں فیضان سے مسلح افراد نے موٹر سائیکل اور نقدی چھین لی، جبکہ تھانہ مخدوم رشید کے علاقے میں راشد سے موبائل فون چھین لیا گیا۔