کوٹ مدینہ میں ماں بیٹے کا قتل ‘ ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکے

کوٹ مدینہ میں ماں بیٹے کا قتل ‘ ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکے

وزیراعلیٰ کے نوٹس کے باوجود 15روز بعد بھی پولیس ناکام‘ واردات چیلنج بن گئی

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) تھانہ کہنہ کے علاقہ کوٹ مدینہ میں ڈکیتی کے دوران ماں بیٹے کے قتل کے افسوسناک واقعہ کو 15 روز گزرنے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث یہ واردات پولیس کیلئے چیلنج بن گئی ہے ۔تفصیل کے مطابق دو ہفتے قبل پیش آنے والے واقعے میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ فرحانہ بی بی اور اس کے 12 سالہ بیٹے ذیشان کو قتل کر دیا تھا جبکہ ملزمان قیمتی سامان بھی لے کر فرار ہو گئے تھے ۔واقعے کے وقت مقتولہ کا شوہر شاہ فہد حسین روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں موجود تھا جو اطلاع ملنے پر فوری وطن واپس پہنچ گیا۔

واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی صفدر اقبال کی مدعیت میں تھانہ سی سی ڈی خانیوال میں درج کیا گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، سیف سٹی کیمروں اور جدید آئی ٹی سسٹم کی مدد سے شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ، تاہم اس کے باوجود اصل ملزمان کا سراغ نہ لگایا جا سکا۔پولیس ذرائع کے مطابق کچھ مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے مگر تاحال اصل ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں