انگلش لینگویج کورس کیلئے پیکٹافنڈز کے ضیاع کا خدشہ
پنجاب حکومت نے تعلیمی پروگرام کیلئے 80کروڑ روپے جاری کئے تھے
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے اکیڈمک ونگ کی مبینہ سست روی کے باعث اساتذہ اور طلبہ کی انگلش لینگوئج پروفیشنسی بہتر بنانے کیلئے مختص کروڑوں روپے کے فنڈز ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے اس تعلیمی پروگرام کیلئے 80 کروڑ روپے جاری کئے تھے ، تاہم دو ماہ گزرنے کے باوجود منصوبے پر عملی پیش رفت نہ ہونے سے فنڈز استعمال نہیں ہو سکے ۔ بتایا گیا ہے کہ یہ رقم مالی سال 2025-26 میں خرچ کرنا لازمی ہے ، بصورت دیگر لیپس ہونے کا امکان ہے ۔