کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانے پر زور
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)کپاس کی زیادہ پیداوار کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس بات پر محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ڈیرہ محمد اعجاز، یونین کونسل محمودکوٹ اور قصبہ گجرات میں منعقدہ اجلاس میں زور دیا گیا۔
تفصیل کے مطابق اجلاس میں کسانوں کو کپاس کی بہتر پیداوار، جدید زرعی طریقوں اور حکومتی زرعی سہولیات سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مظفرگڑھ محمد طاہر محمود بھٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کوٹ ادو شوکت حسین بھٹی نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ کپاس ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور برآمدات میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ انکے مطابق جدید زرعی طریقوں، معیاری بیج، متوازن کھاد، بروقت آبپاشی اور درست زرعی ادویات کے استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔افسران نے حکومت پنجاب کی گرین ٹریکٹر سکیم اور کسان کارڈ منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسانوں کو جدید سہولیات، سبسڈی اور آسان قرضوں کی فراہمی ہے۔