ریسکیو مظفرگڑھ کی فلڈ ایمرجنسی تیاریوں کی عملی مشق
دریائے چناب کنارے موک ایکسرسائز،ریسکیو آپریشنز کا مظاہرہ پیش
مظفرگڑھ( سٹی رپورٹر )ریسکیو 1122 مظفر گڑھ کی جانب سے دریائے چناب کے مغربی کنارے پر پری فلڈ ماک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں کی تیاریوں اور عملی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔ یہ مشق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان کی سربراہی میں بروز جمعہ 15 مئی کو منعقد کی گئی۔اس اہم سرگرمی میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپھہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی اور مختلف محکموں کی جانب سے پیش کیے گئے فلڈ ایمرجنسی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر لائن ڈیپارٹمنٹس نے بھی اپنی تیاریوں، وسائل اور حکمت عملی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیم نے اس دوران ڈوبتے ہوئے افراد کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کرنے ، اسکوبا ڈائیونگ، بوٹ آپریشن، واٹر ریسکیو ٹیکنیکس اور ایمرجنسی میڈیکل ٹریٹمنٹ کا عملی مظاہرہ کیا۔ ماک ڈرل کے دوران استعمال ہونیوالے جدید آلات اور ریسکیو ایکوپمنٹ کی فعالیت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے انسڈنٹ کمانڈ پوسٹ، کمیونیکیشن سسٹم اور ایمرجنسی ریسپانس میکنزم کا معائنہ کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے ۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان نے کہا کہ ادارہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر فوری اور مؤثر ریسپانس یقینی بنایا جائے گا۔