مظفر گڑھ‘چوک گد پور میں آتشزدگی‘جھونپڑیاں جل کر راکھ
آگ نے کئی گھرانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، لاکھوں کا نقصان، امداد کی اپیل
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ماہڑہ کے نواحی علاقہ چوک گد پور میں پٹھان برادری کی جھونپڑیوں میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی گھرانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ متاثرہ افراد کو سامان نکالنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔آگ لگنے کے باعث گھروں میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ لاکھوں روپے مالیت کے بکرے ، نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء بھی راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔چوک گد پور کے قریب جانوروں کے چارے کیلئے جمع کی گئی بھاری مقدار میں بکاس (گنے کے پھوک) کے ذخیرے میں اچانک پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور تیز ہوا کے باعث آگ نے قریبی خانہ بدوشوں کی عارضی بستی کوبھی لپیٹ میں لے لیا،تقریباً 10 جھونپڑیاں مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں، غریب خاندانوں کا گھریلو سامان، بستر، کپڑے اور نقدی سمیت تمام اشیاء جل گئیں،تاہم کوئی جان نقصان یا کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو فائر فائٹرز امدادی گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور کئی گھنٹے کی جدوجہد سے آگ پر قابو پایا۔