وہاڑی میں سپیشل ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا افتتاح کردیا گیا
ضلعی ہسپتال میں کیمپ 16مئی تک جاری ،مفت طبی سہولتیں میسر ہونگی
وہاڑی (خبر نگار نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت صحت کے فروغ کیلئے ضلع وہاڑی میں چیف منسٹر سپیشل سکریننگ کیمپ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کا افتتاح کیا اور مختلف کاؤنٹرز کا دورہ کرتے ہوئے اسکریننگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ ہیلتھ اسکریننگ کیمپ 16مئی تک جاری رہے گا جس میں شہریوں کو مفت میڈیکل چیک اپ اور اسکریننگ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔کیمپ میں مختلف طبی سہولیات بشمول کونسلنگ، طبی رہنمائی، ذہنی صحت، ہیپاٹائٹس، ذیابیطس، بلڈ پریشر، فیملی پلاننگ، نیوٹریشن، کینسر اسکریننگ اور ویکسی نیشن کی سہولت بھی موجود ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ احتیاطی طبی معائنہ بیماریوں کی بروقت تشخیص میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ کیمپ میں آنے والے شہریوں کو بہترین سہولیات اور مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد فاضل، ایم ایس ڈاکٹر احمد نواز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔