کوٹ ادومیں آوارہ کتوں کے حملے ، بکریاں چیر پھاڑ ڈالیں
وارڈ نمبر14سی میں بچی پر بھی حملہ، کتے پکڑنے والی ٹیم کا اہلکار بھی زخمی
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلعی مرکز کوٹ ادو میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد شہریوں کیلئے خوف کی علامت بن گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں اور گلیوں میں خونخوار کتے غول کی صورت میں گھومنے لگے ہیں جس کے باعث شہری شدید پریشانی اور خوف میں مبتلا ہیں۔وارڈ نمبر14سی میں آوارہ کتوں نے شہری محمد عارف کی بکریوں پر حملہ کردیا اور انہیں بری طرح چیر پھاڑ ڈالا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ایک بکری کے گلے پر شدید حملہ کیا گیا جس سے اس کا دل پھٹ گیا جبکہ دوسری بکری کو کتے زندہ حالت میں نوچتے رہے جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔ واقعہ کے بعد اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملنے پر کتے پکڑنے والی ٹیم موقع پر پہنچی تاہم کارروائی کے دوران ٹیم کا ایک اہلکار بھی کتوں کے حملے میں زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق انہی خونخوار کتوں نے ایک کمسن بچی پر بھی حملہ کیا تاہم شہریوں نے بروقت شور مچا کر بچی کو محفوظ بنا لیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتے متعدد افراد کو کاٹ چکے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سے فوری نوٹس لینے ، خطرناک آوارہ کتوں کے خاتمہ اور مستقل بنیادوں پر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔