پٹرولنگ پولیس اور ہسپتال کے درمیان مفت علاج کا معاہدہ
شہداء کی فیملیز کا فری علاج، اہلکاروں کو پچاس فیصد رعایت، ایم او یو پر دستخط مکمل
وہاڑی (خبر نگار نمائندہ خصوصی)پٹرولنگ پولیس اور مقامی نجی ہسپتال کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے جس کے تحت پولیس شہداء کی فیملیز کو مکمل مفت علاج معالجہ، میڈیکل ٹیسٹ اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس معاہدے کے مطابق پٹرولنگ پولیس کے حاضر سروس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو علاج اور طبی ٹیسٹ پر پچاس فیصد رعایت دی جائے گی۔ اس اقدام کو پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں ہسپتال کے مالک ڈاکٹر حفیظ احمد نے جبکہ پٹرولنگ پولیس کی جانب سے ڈی ایس پی رانا تنویر سرور کی نمائندگی کرتے ہوئے انچارج پوسٹ 62 ڈبلیو بی سب انسپکٹر محمد عابد نے دستخط کیے ۔تقریب میں تھیلیسیمیا ایمبیسیڈر مہر غلام فرہدوصلی، پٹرولنگ پولیس، سماجی رہنما میاں محمد اشفاق وٹو، حافظ عبدالمالک، ملک عبدالغفار انجم اور حسن رضا بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر حفیظ احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک و قوم کی حفاظت کی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس کے اہلکار دن رات عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مصروف عمل ہیں ۔اور ان کی فلاح کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔