بی آئی ایس پی صارفین سم کارڈ حاصل کریں ورنہ ادائیگی بند

بی آئی ایس پی صارفین سم کارڈ حاصل کریں ورنہ ادائیگی بند

15جون کے بعد ادائیگی روک دی جائے گی، بستی مٹھو میں مفت سم کارڈ کیمپ قائم

شجاع آباد (نامہ نگار )بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا سم کارڈ جلد از جلد حاصل کر لیں بصورت دیگر 15 جون کے بعد ان کی ادائیگیاں روک دی جائیں گی۔ اس حوالے سے تحصیل شجاع آباد میں یونین کونسل بستی مٹھو میں مفت سم کارڈ کے حصول کے لیے خصوصی کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں مستحق خواتین اور صارفین کو بلا معاوضہ سم کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام رانا زاہد نون نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تمام صارفین مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹرڈ سم حاصل کریں تاکہ آئندہ مالی معاونت کی ادائیگی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ 15 جون کے بعد جن صارفین کے پاس سم کارڈ نہیں ہوگا ان کی ادائیگی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل شجاع آباد میں مجموعی طور پر 42 ہزار 521 صارفین کو سم کارڈ جاری کیے جائیں گے جن میں سے اب تک 28 ہزار 695 صارفین اپنی سم وصول کر چکے ہیں جبکہ باقی صارفین کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کا مقصد مستحق افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی دشواری کے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں۔رانا زاہد نون نے مزید کہا کہ صارفین صرف سرکاری کیمپ سے ہی مفت سم حاصل کریں اور کسی غیر متعلقہ فرد یا دکان سے سم لینے سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی دھوکہ دہی یا مسائل سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کر کے پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں