بجلی سبسڈی کیو آر کوڈ سسٹم شہریوں کیلئے دردِ سر بن گیا

بجلی سبسڈی کیو آر کوڈ سسٹم شہریوں کیلئے دردِ سر بن گیا

میپکو صارفین سبسڈی نہ ملنے پر پریشان، پورٹل تاحال مکمل فعال نہ ہوسکا

ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو سبسڈی اور ریلیف دینے کیلئے متعارف کرایا گیا کیو آر کوڈ سسٹم تاحال فعال نہ ہوسکا، جس کے باعث میپکو کے ہزاروں صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں پر درج کیو آر کوڈ سکین کرنے پر سسٹم اپ گریڈیشن ان پراگریس اور ویب سائٹ انڈر کنسٹرکشن جیسے پیغامات سامنے آتے ہیں، جبکہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا عمل مکمل نہیں ہو پارہا۔صارفین کے مطابق حکومت نے شفاف طریقے سے سبسڈی کی فراہمی کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرایا تھا، تاہم کئی روز گزرنے کے باوجود ویب پورٹل فعال نہیں ہوسکا۔ شہریوں نے شکایت کی کہ شدید گرمی، لوڈشیڈنگ اور بڑھتے بجلی بلوں نے پہلے ہی عوام کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر رکھا ہے ، ایسے میں سبسڈی تک رسائی نہ ملنا مزید مشکلات پیدا کررہا ہے ۔متعدد صارفین نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر سسٹم جلد فعال نہ ہوا تو وہ حکومتی ریلیف سے محروم رہ جائیں گے ۔ شہریوں اور صارفین تنظیموں نے وفاقی حکومت، واپڈا اور میپکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سسٹم مکمل فعال کرکے تکنیکی خرابیاں دور کی جائیں اور سبسڈی کے حصول کی مدت میں توسیع کی جائے ۔دوسری جانب میپکو ذرائع کے مطابق سسٹم اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے اور پورٹل جلد فعال کردیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں