چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،ڈاکٹر شاہدہ
سی پیک دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عملی نشانی، تقریب سے خطاب
ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر جشنِ دوستی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شاہدہ بتول نے کی جبکہ اساتذہ، انتظامی افسروں اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر نے پاک چین دوستی کا کیک کاٹا، جسے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی علامت قرار دیا گیا۔ تقریب کے دوران کیمپس میں خوشی، جوش اور دوستی کے جذبات نمایاں رہے۔
خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید شاہدہ بتول نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے اور یہ تعلق صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، اعتماد اور احترام کی مضبوط مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور یہ دوستی مستقبل میں بھی مزید مستحکم ہوگی۔انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عملی مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اقتصادی ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ وائس چانسلر نے طالبات کو چینی زبان اور ثقافت سیکھنے کی تلقین بھی کی تاکہ وہ مستقبل کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع سے فائدہ اٹھاسکیں۔