زکریا یونیورسٹی میں فارمیسی ریسرچ شو کیس 2026 کا انعقاد
80 سے زائد تحقیقی منصوبے پیش، طلبہ کی صلاحیتوں کو بھرپور سراہا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر) بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فارمیسی پریکٹس کے زیر اہتمام’’ساتویں سالانہ فارمیسی پریکٹس ریسرچ شو کیس 2026‘‘ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں 80 سے زائد تحقیقی منصوبے سائنسی پوسٹرز کی صورت میں پیش کئے گئے۔ تقریب میں زکریا یونیورسٹی کے طلبہ کے علاوہ پانچ الحاق شدہ اداروں، بختاور امین کالج آف فارمیسی اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھی شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی میں پروفیسر ڈاکٹر طاہر سلطان، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر آصف یٰسین، ڈائریکٹر، اور پروفیسر ڈاکٹر مقرّب اکبر، چیئرمین شعبہ پولیٹیکل سائنس شامل تھے ۔مہمانوں نے طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں، جدید طبی موضوعات کے انتخاب اور پراعتماد پریذنٹیشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعبہ فارمیسی پریکٹس اور پروفیسر ڈاکٹر محمد فواد رسول نے تحقیقی معیار کی نئی مثال قائم کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے تحقیقی منصوبے پاکستان میں معیارِ علاج اور معیارِ زندگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے ۔تقریب میں پیش کئے گئے تمام تحقیقی منصوبے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے منسلک تھے ، جو صحت، تعلیم اور انسانی فلاح کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے ۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور شریک اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔