کہروڑ پکا، فری میڈیکل کیمپ میں800 مریضوں کا معائنہ
مریضوں کو مفت ادویات،مختلف طبی ٹیسٹ اور طبی سہولیات فراہم کی گئیں
کہروڑپکا (نمائندہ دنیا)ماہانہ دو روزہ علی حسن فری میڈیکل کیمپ میں 800 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا جبکہ انہیں ادویات اور مختلف طبی ٹیسٹوں کی سہولت بھی بلا معاوضہ فراہم کی گئی۔ دو روزہ ماہانہ علی حسن فری میڈیکل کیمپ کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محمود نے بتایا کہ یہ کیمپ ہر ماہ باقاعدگی سے پہلے ہفتے کے دوران منعقد کیا جاتا ہے جہاں مستحق مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں مریضوں کے مفت چیک اپ کے ساتھ ساتھ ادویات، ای سی جی، سی بی سی، الٹرا ساؤنڈ، شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ بھی بلا معاوضہ کیے جاتے ہیں۔ کیمپ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیتا ہے ۔انہوں نے مخیر حضرات اور رضاکاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے مستحق افراد کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے ۔