کوٹ ادو، اتائیت کے خلاف کارروائی، دو کلینک سیل
چالان ہیلتھ کیئر کمیشن کو چالان ارسال،ڈپٹی ڈی ایچ او کی کارروائیاں جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد رضا مغل نے ضلع بھر میں اتائیت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مزید دو اتائی کلینکس سیل کر دئیے ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد رضا مغل نے نواحی علاقہ دری 29 ہزار کے قریب مختلف کلینکس کی چیکنگ کی تو متعدد اتائی کلینکس کا عملہ موقع سے فرار ہو گیا جبکہ بعض نے کلینکس بند کر دئیے ۔کارروائی کے دوران اتائی سجاد حسین اور بستی چانڈیہ کے طاہر سہو کے کلینکس سیل کر دئیے گئے اور چالان ہیلتھ کیئر کمیشن کو ارسال کر دئیے گئے ۔ڈاکٹر محمد رضا مغل کے مطابق ضلع بھر میں اب تک 37 سے زائد چالان ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتائیت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔