مظفرگڑھ:اینٹی کرپشن کا چھاپہ، پٹواری، منشی رشوت لیتے گرفتار
حسن محمود اور فقیر محمد کیخلاف انتقال کے کام پر لاکھوں روپے وصول کرنے پر کارروائی
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن کا مظفرگڑھ میں چھاپہ، پٹواری اور منشی رشوت لیتے گرفتار،20 ہزار کے نشان زدہ نوٹ برآمد، مقدمہ درج۔انتقال کے کام کیلئے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کرنے کا بھی انکشاف۔ ڈی جی اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ملک ضیاالحق کی ہدایت پر ضلع مظفرگڑھ میں قانونی کارروائی کرتے ہوئے سرکل آفیسر عمار یاسر خان نے پٹواری حسن محمود اور اسکے منشی فقیر محمد کو گرفتار کرلیا ۔ رمضان مدعی نے درخواست گزاری کہ سائل موضع نور کبڑہ میں چار مرلے اراضی کا مالک ہے ۔ قبل ازیں انتقال کرانے کے لیے پٹواری حلقہ رائے حسن محمود نے ایک لاکھ چالیس ہزار اپنے اور تحصیلدار کے نام سے بیان کا لے چکا ہے اب موضع آن لائن ہونے جا رہا ہے اس ضمن میں بیس ہزار مزید طلب کر رہا ہے سائل رشوت نہیں دینا چاہتا ۔درخواست پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرگڑھ خاور کی نگرانی میں کارروائی کی گئی ۔ دوران ریڈ مدعی کے نشان زدہ نوٹ بیس ہزار روپے حسن محمود پٹواری کے منشی فقیر محمد سے موقع پر برآمد ہوئے جس پر ملزموں کیخلاف مقدمہ اینٹی کرپشن مظفرگڑھ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ مزید تفتیش جاری ہے ۔