پولیس کی کارروائیاں، 40 گینگز کے 96 ملزم گرفتار

پولیس کی کارروائیاں، 40 گینگز کے 96 ملزم گرفتار

22 کروڑ کا مال مسروقہ برآمد، سینکڑوں مقدمات ٹریس، اشتہاری بھی زیر حراست

ملتان (کرائم رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر نے پولیس لائنز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گلگشت ڈویژن، صدر سرکل اور دیگر یونٹس کی کارروائیوں کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور موٹر سائیکل و وہیکل چوری میں ملوث 40 گینگز کے 96 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 22 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔برآمد ہونے والے سامان میں 55 تولے طلائی زیورات، 3 کاریں، 82 موٹر سائیکلیں، 1 کروڑ 15 لاکھ سے زائد نقدی، 75 کلو چرس، 8 کلو ہیروئن، 17 کلو آئس، 22 کلو بھنگ، 3995 لیٹر شراب اور اسلحہ بھی شامل ہے ۔پولیس کے مطابق اشتہاری مجرمان میں 440 جبکہ عدالتی مفرور 25 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر 328 مقدمات ٹریس کیے گئے ہیں۔گلگشت سرکل میں 26 گینگز کے 62 ملزمان سے 21 کروڑ 24 لاکھ سے زائد مال مسروقہ برآمد کیا گیا جبکہ صدر سرکل میں 14 گینگز کے 34 ملزمان سے مزید مالیت کا سامان اور نقدی برآمد ہوئی۔سی پی او نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور پولیس ایپس کے ذریعے ملزمان کی گرفتاری اور ریکوری کا عمل مزید مؤثر بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر سے جرائم کے خاتمے کے لیے مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔بعدازاں برآمد شدہ مال اصل مالکان کے حوالے کیا گیا جنہوں نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں