جی بی الیکشن میں پارٹی کوتاریخی کامیابی ملی:مخدوم احمد محمود
کامیابی کا سب سے بڑا جواز خطے کیساتھ دہائیوں پرانا تاریخی اور نظریاتی رشتہ ہے
ملتان( لیڈی رپورٹر )پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین، سٹی صدر ملک نسیم لابر، ضلعی جنرل سیکرٹری رائو سا جد ، سٹی جنرل سیکرٹری ا ے ڈی خان بلو چ نے گلگت بلتستان اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں پارٹی کی نمایاں و شاندار کامیابی پر صدر زرداری، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرادری، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، مرکزی و صوبائی قیادت، پارٹی عہدیداران کارکنان اور بالخصوص تمام جیتے ہوئے پارٹی امیدواروں اور گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے اس کامیابی کو عوامی جمہوری شعور اور وفاقی یکجہتی کی تاریخی کامیابی قرار دیا ہے ۔ رہنمائوں نے اس موقع پر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی طرف سے گلگت بلتستان میں الیکشن مہم پر گئے ہوئے پارٹی وفد ممبر قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی، صدر ڈی جی خان ڈویژن آصف خان دستی ودیگرکی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اگر سیاسی و زمینی حقائق کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہے کہ پیپلزپارٹی اس فتح کی حقدار تھی کیونکہ پیپلزپارٹی کی کامیابی کا سب سے بڑا جواز اسکا خطے کے ساتھ دہائیوں پرانا تاریخی اور نظریاتی رشتہ ہے ۔ جی بی کے عوام پیپلزپارٹی کو محض ایک سیاسی جماعت نہیں، بلکہ اپنی آئینی اور سیاسی شناخت کا خالق سمجھتے ہیں۔قائد عوام شہید بھٹو نے اپنے دور حکومت میں اس خطے سے جابرانہ ایف سی آر اور راجگی نظام کا خاتمہ کیاجس سے عام آدمی کو سانس لینے کی آزادی ملی۔ 2009 میں صدر زرداری کے دور میں اس خطے کو شمالی علاقہ جات کی بجائے گلگت بلتستان کا باقاعدہ نام دیا گیا اور پہلی بار یہاں وزیر اعلیٰ اور گورنر کے عہدے قائم کر کے مقامی حکومت تشکیل دی گئی۔