محرم الحرام:امن وامان کیلئے زیر وٹالرنس پالیسی نافذ

محرم الحرام:امن وامان کیلئے زیر وٹالرنس پالیسی نافذ

سکیورٹی پلان ، امن و امان کیلئے جامع انتظامات مکمل،ڈویژن بھر میں 907 جلوس، 3173 مجالس، 10 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ،ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض محراب وممبر سے رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام عام ،سائبر پٹرولنگ کو مزید مؤثر ، جلوس روٹس کی مرمت، سٹریٹ لائٹس ، کھلے مین ہولز کو فوری درست کرنیکی ہدایت

ملتان (وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور آر پی او ملتان ریجن عثمان اکرم گوندل کی مشترکہ زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، فول پروف سکیورٹی، بین المسالک ہم آہنگی اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش، ایس ایس پی آپریشنز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور علماء کرام نے شرکت کی جبکہ ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور دیگر حکام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب امن کے قیام کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء سے تعاون کی خواہاں ہے اور ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کیے گئے ہیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام منبر و محراب سے عام کیا جائے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ کے خطبات میں اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا جائے گا۔ نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی جبکہ سائبر پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔کمشنر نے بتایا کہ جلوسوں کے راستوں پر سہولت کیمپس، کلینک آن وہیلز اور سبیلیں قائم کی جائیں گی جبکہ 14 مستقل سبیل پوائنٹس بھی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوس روٹس کی مرمت، سٹریٹ لائٹس اور کھلے مین ہولز کی فوری درستگی یقینی بنائی جائے ۔آر پی او ملتان نے بریفنگ میں بتایا کہ محرم کے دوران 907 جلوس اور 3173 مجالس منعقد ہوں گی جن کیلئے 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔ ملتان ضلع میں سب سے زیادہ جلوس و مجالس ہوں گی، جہاں خصوصی سکیورٹی پلان نافذ ہوگا۔اجلاس میں علماء کرام نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور امن و امان کے قیام کیلئے تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں