فرضی اور کاغذی کارروائیاں ہرگز برداشت نہیں :ملیحہ رشید
فلاحی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات ہر صورت عوام تک پہنچنے چاہئیں
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے مطابق ضلعی انتظامیہ خانیوال گڈ گورننس پالیسی پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید کی زیر صدارت محکمہ جاتی کارکردگی اور کلیدی پرفارمنس انڈیکیٹرز کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اے ڈی سی آر فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنر خانیوال اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی، جبکہ کبیر والا، میاں چنوں اور جہانیاں کے اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات ہر صورت عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے تمام محکمہ جات کو حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نئے پرفارمنس انڈیکیٹرز سے آگاہ کرتے ہوئے ان میں نمایاں بہتری لانے کا ٹاسک سونپا۔
انہوں نے واضح کیا کہ فرضی اور کاغذی کارروائیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع خانیوال کو پنجاب کی ٹاپ رینکنگ میں شامل کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ملیحہ رشید نے مزیدکہاکہ ضلعی انتظامیہ کے عوامی مفاد میں کیے جانے والے اقدامات اور کامیاب منصوبوں کی بھرپور تشہیر ہونی چاہیے تاکہ عوام حکومتی سہولیات سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کارکردگی بہتر نہ بنانے والے افسران کے لیے ضلع خانیوال میں کوئی جگہ نہیں اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔تصویرہمراہ ہے