مریضوں کوطبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے :ملیحہ رشید
صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں: ڈپٹی کمشنر ،تحصیل ہسپتال کا دورہ
جہانیاں (نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صحت دوست ویژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے اسسٹنٹ کمشنر فہد، ایم ایس ڈاکٹر فرحان علی رندھاوا اور ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر عامر ٹینڈا کے ہمراہ تحصیل ہسپتال جہانیاں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، مختلف وارڈز اور طبی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر عملے کی حاضری چیک کی جبکہ ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ملیحہ رشید نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔