نشترون اینڈ ٹو،ڈی ایچ کیوسٹی مسائل کا شکار،مریض خوار
مدر اینڈ چائلڈ کیئرہسپتال کی تعمیر بھی زیر التوا، نشتر ون تک رسائی مشکل، تجاوزات کی بھر مار، نشتر ٹو کا آئی سی یو،کنٹین غیر فعال ،کمشنر کی پی ایم اے وفد کو مسائل حل کرانے کی یقین دہانی
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ون اینڈ ٹو،ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال مسائل کا شکار، مریض اور لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا۔تفصیلات کے مطابق نشتر ہسپتال ون تک آسان رسائی، نشتر روڈ پر پارکنگ مسائل، نشتر ٹو ہسپتال میں عملے کی کمی، رہائشی ٹاور کی عدم دستیابی، غیر فعال کینٹین اور ڈی ایچ کیو ساؤتھ سٹی ہسپتال سمیت مختلف طبی مسائل کے حل اور زیر تکمیل مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کو جلد مکمل کرنے کے مطالبات کے لیے پی ایم اے ملتان کا ایک وفد صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج کی سربراہی میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان سے ملا۔وفد نے ملاقات کے دوران ضلع کے بڑے سرکاری اسپتالوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تجاویز پیش کیں اور نشتر ون ہسپتال تک رسائی میں مشکلات کی نشاندہی کی۔ وفد کے مطابق سڑک کی مرمت اور سیوریج کام مکمل نہ ہونے کے باعث ایمرجنسی مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ نشتر روڈ پر نجی پلازوں کی غیر قانونی تجاوزات کے باعث پارکنگ کا مسئلہ بھی سنگین ہو چکا ہے ۔پی ایم اے وفد نے نشتر ٹو کو جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عملے کی کمی، غیر فعال آئی سی یو، کینٹین کی عدم موجودگی اور رہائشی ٹاور نہ ہونے کے باعث اسپتال اپنی مکمل استعداد کے مطابق خدمات فراہم نہیں کر پا رہا۔ اسی طرح ڈی ایچ کیو ساؤتھ سٹی ہسپتال میں بھی سہولیات اور عملے کی کمی کے مسائل کی نشاندہی کی گئی۔وفد نے طویل عرصے سے زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے خواتین اور بچوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ کمشنر ملتان عامر کریم خان نے وفد کے مطالبات کو غور سے سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔ملاقات میں ڈاکٹر عمران حیدر قیصرانی، ڈاکٹر رضوان شریف، ڈاکٹر نعیم اختر، ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔