امریکا،ایران معاہدہ مثبت پیش رفت، خواجہ محمد حسین
پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا حکومتی اقدام قابل تعریف، بیان
ملتان (لیڈی رپورٹر) چیئرمین ملتان ڈرائی پورٹ، صدر ٹیوٹا ملتان ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ اور خواجہ محمد حسین نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی پیش رفت خطے کے امن، عالمی توانائی مارکیٹ اور معاشی استحکام کے لئے مثبت قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس اہم سفارتی پیش رفت میں پاکستان کا ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار قابل تحسین ہے ۔ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لئے مؤثر کردار ادا کیا جس سے سفارتی وقار میں اضافہ ہوا۔
خواجہ محمد حسین نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ کمی حکومت کا قابل تعریف اقدام ہے ۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے سے ٹرانسپورٹ، پیداواری اخراجات، سپلائی چین اور مجموعی کاروباری لاگت میں کمی آئے گی جس کے مثبت اثرات ملکی معیشت پر مرتب ہوں گے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عوام تک پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کرایوں، اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائے تاکہ عوام اور کاروباری طبقہ حقیقی ریلیف حاصل کر سکے۔