ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں داخلے شروع
15 جون سے آن لائن پورٹل فعال، 31جولائی آخری تاریخ مقرر
ملتان (خصوصی رپورٹر)ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے مختلف فیکلٹیوں میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں داخلوں کا اعلان کر دیا ہے ۔ آن لائن داخلہ پورٹل 15 جون 2026 سے فعال ہو چکا ہے جبکہ درخواستوں کی آخری تاریخ 31 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ترجمان کے مطابق داخلے پانچ بڑی فیکلٹیوں میں دیئے جائیں گے جن میں فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز، انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹنگ، فیکلٹی آف ایگریکلچرل بایوسسٹمز انجینئرنگ، فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسز اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز شامل ہیں۔ایگریکلچر فیکلٹی میں مختلف بی ایس پروگرامز جبکہ پوسٹ گریجویٹ سطح پر ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی پروگرامز بھی پیش کئے جا رہے ہیں۔
کمپیوٹنگ انسٹی ٹیوٹ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس کے ساتھ ساتھ اے آئی، آئی ٹی اور ڈیٹا سائنس کی خصوصیات شامل ہیں جبکہ ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرام بھی دستیاب ہیں۔فوڈ اینڈ ہوم سائنسز، ایگریکلچرل انجینئرنگ اور سوشل سائنسز میں بھی متعدد ڈگری پروگرامز پیش کئے جا رہے ہیں۔ داخلہ ٹیسٹ پوسٹ گریجویٹ پروگرامز اور انجینئرنگ پروگرامز کے لئے لازمی ہوگا۔ترجمان کے مطابق مستحق طلبہ کے لئے مختلف سکالرشپس بھی دستیاب ہیں جبکہ یونیورسٹی میں جدید لیبارٹریز، تجربہ کار تدریسی عملہ اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے ۔