پنجاب کے 15ہزارسکولوں کا الگ ڈی ڈی او کوڈز جاری

پنجاب کے 15ہزارسکولوں کا الگ ڈی ڈی او کوڈز جاری

اقدام کا مقصد اداروں کو مالیاتی طور پر خودمختار کرنا ہے ، حکام محکمہ تعلیم

 ملتان (خصوصی رپورٹر)مالی و انتظامی خودمختاری کی جانب اہم پیش رفت ،پنجاب بھر کے 15 ہزار سکولوں کو الگ ڈی ڈی او کوڈز جاری،تفصیل کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام سرکاری پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کو انفرادی ڈی ڈی او کوڈز جاری کر دیئے ہیں۔ اس اقدام کے تحت تقریباً 15 ہزار سرکاری تعلیمی اداروں کو اپنے الگ ڈی ڈی او کوڈز الاٹ کئے گئے ہیں، جسے سکولوں کی مالیاتی خودمختاری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق یکم جولائی 2026 سے تمام پرائمری اور مڈل سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہیں اور سکولوں کے لئے جاری ہونے والا بجٹ براہ راست متعلقہ سکول کے اپنے ڈی ڈی او کوڈ میں منتقل کیا جائے گا۔ اس نئی پالیسی کے تحت سکول سربراہان کو مالی معاملات میں زیادہ اختیارات اور ذمہ داریاں حاصل ہوں گی، جس سے فنڈز کے اجراء اور استعمال کا عمل مزید شفاف اور مؤثر بننے کی توقع ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بیشتر پرائمری اور مڈل سکولوں کے مالی معاملات ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے دفاتر کے ذریعے چلائے جاتے تھے ، تاہم نئے نظام کے نفاذ کے بعد ضلعی اور تحصیل سطح کے تعلیمی افسروں کے ڈی ڈی او کوڈز میں صرف ان کے دفاتر کے منسٹریل اور دفتری عملے کی تنخواہیں اور متعلقہ اخراجات شامل ہوں گے ۔تعلیمی ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے سکولوں میں مالیاتی نظم و نسق بہتر ہوگا، بجٹ کے اجراء میں تاخیر کم ہوگی اور سکول سربراہان اپنے اداروں کی ضروریات کے مطابق وسائل کے استعمال میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں گے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کا یہ اقدام پنجاب میں تعلیمی اصلاحات اور گورننس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ایک اہم کڑی تصور کیا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں