مرکزی کنٹرول روم فعال، محرم سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
جلوسوں، مجالس کی نگرانی جاری، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری
لودھراں(سٹی رپورٹر)محرم الحرام کے دوران قیام امن، رواداری، بھائی چارے کے فروغ اور سکیورٹی کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے لودھراں ضلعی انتظامیہ کا مرکزی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ڈی پی او علی بن طارق نے اے ڈی سی آر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور مواصلاتی مانیٹرنگ سسٹم، جلوسوں اور مجالس کی لائیو کوریج سمیت سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ عاشورہ محرم کے تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ضلعی اور پولیس انتظامیہ کے باہمی رابطوں سے منظم سکیورٹی پلان پر عملدرآمد جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور کنٹرول روم کا عملہ فوری ردعمل کو یقینی بنائے گا۔ ڈی پی او علی بن طارق نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے ، تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہے اور شہری مشتبہ افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔