پٹرول سستا، مہنگائی برقرار، عوام ریلیف سے تاحال محروم
ٹرانسپورٹ کرایوں، اشیائے ضروریہ قیمتوں میں تاحال کمی نہ آسکی
قصبہ گجرات (نامہ نگار) حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود قصبہ گجرات، محمود کوٹ اور گردونواح میں مہنگائی بدستور برقرار ہے اور عوام کو عملی ریلیف نہیں مل سکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے پرانے نرخوں پر ہی وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی۔ عوام کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام صارفین تک منتقل نہیں ہو رہے جس کے باعث مہنگائی کا بوجھ بدستور برقرار ہے ۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور ٹرانسپورٹ کرایوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مناسب کمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عام آدمی تک پہنچ سکے ۔