زمین کے تنازع پر حملے فصل تباہ، خواتین پر تشدد
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) زمین اور جائیداد کے تنازعات پر پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں فصل اجاڑنے ۔۔۔
، خواتین پر تشدد کرنے اور لاکھوں روپے مالیت کا نقصان پہنچانے کے الزامات پر پولیس نے مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقے موضع ہاڑ شرقی میں غلام عباس، محمد طیب اور دیگر نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر ناجائز قبضے کی نیت سے تقریباً 20 ایکڑ رقبہ پر کاشتہ جنتر چار ٹریکٹروں کی مدد سے اجاڑ دیا۔ مدعی کے مطابق ملزمان نے منع کرنے پر دھمکیاں بھی دیں اور کھیت میں موجود یوریا کھاد کی 20 بوریاں اور زرعی اوزار اٹھا کر لے گئے جس سے بھاری مالی نقصان ہوا۔ ایک دوسرے واقعہ میں موضع کھر غربی میں فخرالدین اور دیگر افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے پلاٹ پر قبضے کی نیت سے گھر کا دروازہ توڑ کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔، گھر میں داخل ہو کر خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور تعمیراتی سامان بھی زبردستی لے گئے ۔ پولیس نے متاثرین کی درخواستوں پر مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔