محرم الحرام پر ریسکیو 1122 کا خصوصی ایمرجنسی پلان نافذ

محرم الحرام پر ریسکیو 1122 کا خصوصی ایمرجنسی پلان نافذ

جلوسوں اور مجالس کیلئے تمام وسائل ہائی الرٹ، خصوصی پوسٹیں قائم

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر) جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 مظفرگڑھ نے خصوصی ایمرجنسی کور پلان نافذ کر دیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عبیداللہ خان کی ہدایت پر ضلع بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز، کنٹرول رومز، ایمرجنسی گاڑیوں اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔ تحصیل مظفرگڑھ، علی پور، جتوئی، شہر سلطان، خان گڑھ اور چوک قریشی کے اسٹیشن انچارجز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر ایمرجنسی کوریج ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔

محرم الحرام کے دوران ایمبولینسز، موٹر بائیک ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور دیگر ایمرجنسی وسائل مختلف مقامات پر تعینات کیے جا رہے ہیں جبکہ اہم جلوسوں، مجالس اور امام بارگاہوں پر خصوصی ریسکیو پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی۔ مرکزی کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔ عبیداللہ خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ اور عزاداران کو بروقت ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر تیار اور متحرک ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں