پولیس افسروں و اہلکاروں کو چوکس رہنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے واک تھرو گیٹس، کیمروں سے مانیٹرنگ کا معائنہ
ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ضلع ڈیرہ غازیخاں میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوس کے پُرامن انعقاد اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق بلوچ کے ہمراہ کے مرکزی جلوس اور اس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نیاز احمد، اسسٹنٹ کمشنرز نذر حسین کورائی اور تیمور عثمان، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے ۔
افسران نے جلوس کے روٹ، داخلی و خارجی راستوں، سکیورٹی پکٹس، ناکہ بندیوں اور دیگر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ سسٹم اور دیگر سکیورٹی اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو چوکس رہنے اور فرائض ذمہ داری سے انجام دینے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے صفائی، روشنی، پینے کے صاف پانی اور دیگر شہری سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ محمد عثمان خالد اور صادق بلوچ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عزاداروں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔