عاشورہ امن کیلئے علماء، مشائخ اور شہریوں کا اجلاس

عاشورہ امن کیلئے علماء، مشائخ اور شہریوں کا اجلاس

مرکزی جلوس کے پرامن انعقاد کیلئے تعاون اور ہم آہنگی پر زوردیا گیا

ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈیرہ غازیخان میں عاشورہ کے مرکزی جلوس کے روٹس پر موجود مساجد کے علماء، خطباء، مشائخ، آئمہ، متولیوں اور شہریوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا جس کا مقصد عاشورہ کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا تھا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت اجلاس میں ڈی پی او صادق بلوچ، پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہِ سلیمان امیر تیمور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان اور نذر حسین کورائی، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل سمیت دیگر افسران اور علماء کرام نے شرکت کی۔

اجلاس میں عاشورہ محرم کے دوران سکیورٹی انتظامات، مرکزی جلوس کے روٹس، ٹریفک مینجمنٹ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ مرکزی جلوس کے پُرامن انعقاد کے لیے تمام مکاتب فکر، علماء کرام، مشائخ اور شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فول پروف انتظامات یقینی بنا رہی ہے اور امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں شریک علماء، آئمہ مساجد، خطباء اور متولیان نے قیام امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں