رمیش سنگھ کا گوردوارا تپھستاں دیوان صاحب انتظامات کا جائزہ

رمیش سنگھ کا گوردوارا تپھستاں دیوان صاحب انتظامات کا جائزہ

گوردوارا پربندھک کمیٹی ارکان سے ملاقات،اقلیتی حقوق کی پاسداری کا عزم

بورے والا (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑا نے بورے والا میں واقع تاریخی گوردوارا تپھستاں دیوان صاحب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گوردوارا کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، انتظامات کا جائزہ لیا اور گوردوارا پربندھک کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چودھری ثناء اللہ گھمن، اسسٹنٹ کمشنر بورے والا جواد حسین ملک، قائمقام صدر پریس کلب بورے والا ندیم انجم سندھو اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔صوبائی وزیر نے گوردوارا پربندھک کمیٹی کے ارکان سے سکھ برادری کو درپیش مسائل اور مذہبی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں انہوں نے برصغیر کے معروف صوفی بزرگ حضرت دیوان چاولی مشائخؒ کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور گلدستے پیش کیے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ پنجاب صوفیائے کرام، اولیائے اللہ اور مذہبی ہم آہنگی کی سرزمین ہے ، جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے باہمی احترام، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی عبادت گاہوں کی دیکھ بھال اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوردوارے ، مزارات اور دیگر مذہبی مقامات ہماری مشترکہ تاریخی اور ثقافتی وراثت ہیں، جن کا تحفظ اور ترقی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ بھائی چارے اور یکجہتی کی فضا مزید مضبوط ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں