سکول کی دیوار گرنے سے کمسن طالبعلم جاں بحق،5زخمی

سکول کی دیوار گرنے سے کمسن طالبعلم جاں بحق،5زخمی

گگومنڈی اور نواح میں کئی سکولوں کی عمارتیں خستہ حال،چھتیں کمزور، شہری

گگو منڈی (نامہ نگار)لاہور میں ایک اکیڈمی کی چھت گرنے سے 14 بچوں کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز ایک سکول کی دیوار گرنے سے بھی ایک معصوم طالب علم جاں بحق جبکہ پانچ بچے زخمی ہو گئے ۔ شہریوں کے مطابق یہ افسوسناک واقعات متعلقہ اداروں کی ناقص کارکردگی اور غفلت کا واضح ثبوت ہیں۔ان سانحات کے بعد لاہور میں ہنگامی بنیادوں پر اکیڈمیوں اور سکولوں کی عمارتوں کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، تاہم گگو منڈی اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی متعدد سکولوں کی عمارتیں مقررہ ایس او پیز کے مطابق نہیں ہیں۔ کئی سکولوں کی عمارتیں خستہ حال ہیں، کہیں چھتیں کمزور ہیں، جبکہ بعض سکولوں میں چار دیواری تک موجود نہیں۔ اس کے علاوہ بیشتر تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے مناسب انتظامات اور آگ لگنے کی صورت میں محفوظ انخلا کے راستے بھی موجود نہیں ہیں۔شہریوں نے متعلقہ اداروں کی بے حسی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل بورے والا کے تمام سرکاری و نجی سکولوں کی عمارتوں کا فوری سروے اور معائنہ یقینی بنایا جائے تاکہ لاہور جیسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہاں بھی تعمیراتی یا حفاظتی خامیاں پائی جائیں، انہیں فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ طلبہ کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں