ہیڈ اسلام کے قریب کار درخت سے ٹکرا گئی، دو افراد جاں بحق
موٹرسائیکل سوار کو بچاتے حادثہ، ہسپتال میں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)ہیڈ اسلام کے قریب پلہ ماڑی کے مقام پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں کار درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حاصل پور سے لڈن آنے والی ویگن آر کار مبینہ طور پر ایک موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔ کار میں لڈن کے رہائشی محمد فیاض گازر کے بیٹے صابر فیاض، 11 سالہ پوتے شاہزیب، 14 سالہ بھتیجے حافظ علی رضا اور 17 سالہ فاران سوار تھے ۔
حادثے کے نتیجے میں 11 سالہ شاہزیب موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ صابر فیاض، حافظ علی رضا اور فاران شدید زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں حافظ علی رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ صابر فیاض اور فاران کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی لڈن اور گردونواح میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ مختلف سماجی، سیاسی اور صحافتی شخصیات نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments