کسان ممنوعہ ادویات کے استعمال سے گریز کریں، محکمہ زراعت

کسان ممنوعہ ادویات کے استعمال سے گریز کریں، محکمہ زراعت

شاہ جمال میں آگاہی سیمینار، معیاری زرعی ادویات اور جدید ٹیکنالوجی اپنانے پر زور

مونڈکا (نامہ نگار)شاہ جمال کسان سہولت سنٹر میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام کسانوں اور پیسٹی سائیڈ ڈیلرز کے لئے آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ مظفرگڑھ ڈاکٹر محمد شمریز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) میاں محمد افضل قریشی نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ زراعت کے افسروں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ممنوعہ زرعی ادویات کی فروخت اور استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ فصلوں پر صرف منظور شدہ اور معیاری زرعی ادویات استعمال کریں تاکہ انسانی صحت، ماحول اور زرعی پیداوار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

افسروں نے پیسٹی سائیڈ ڈیلرز کو بھی ہدایت کی کہ ممنوعہ زرعی ادویات کی خرید و فروخت سے مکمل اجتناب کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔سیمینار میں کسانوں کو کپاس، گندم، دھان، مکئی، گنا، سبزیوں اور پھلوں کی بہتر نگہداشت، متوازن کھادوں کے استعمال، بیماریوں اور نقصان دہ کیڑوں کے بروقت تدارک اور جدید زرعی ٹیکنالوجی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ جدید زرعی طریقوں کے فروغ سے فی ایکڑ پیداوار اور کسانوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ممکن ہے ۔تقریب میں کسانوں، پیسٹی سائیڈ ڈیلرز اور محکمہ زراعت کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور محفوظ زرعی پیداوار کے فروغ کے لئے حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...