ایچ ای سی :تمام جامعات میں اے آئی کورس لازمی قرار
انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ طلبہ تین کریڈٹ آورز کورس پڑھیں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے ملک بھر کی سرکاری اور نجی جامعات میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی تعلیم کے فروغ کے لئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سمسٹر سے تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگراموں میں تین کریڈٹ آورز پر مشتمل لازمی اے آئی کورس متعارف کرانے کی منظوری دے دی۔یہ فیصلہ ایچ ای سی کے 47ویں اجلاس میں چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی صدارت میں کیا گیا، جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں، وائس چانسلرز اور کمیشن کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور تعلیمی اصلاحات سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ایچ ای سی کے مطابق لازمی اے آئی کورس کا مقصد طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات، عملی مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل کی عالمی معیشت اور روزگار کے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ اس فیصلے کا اطلاق سائنس، انجینئرنگ، میڈیکل، بزنس، سوشل سائنسز، آرٹس اور دیگر تمام شعبوں کے طلبہ پر ہوگا۔
اجلاس میں جامعات میں جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے محفوظ، ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال کے لئے قومی فریم ورک کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے ، ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور طلبہ کو مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے لئے بہتر انداز میں تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments