جماعت اسلامی کا محلہ سطح پر عوامی کمیٹیاں قائم کرنیکا اعلان
ملتان (کرائم رپورٹر)امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ذیشان اختر نے کہا ہے کہ مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ۔
جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں محلہ کی سطح پر عوامی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو شہریوں کے مسائل کی نشاندہی، متعلقہ اداروں تک ان کی ترجمانی اور حل کے لیے عملی جدوجہد کریں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس صوبائی مرکز اسلامک سنٹر ملتان میں ہوا، جس میں سیکرٹری جنرل محمد ثناء اللہ سہرانی، نائب امرائے صوبہ صہیب عمار صدیقی، ڈاکٹر عرفان اللہ ملک اور دیگر اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔سید ذیشان اختر نے کہا کہ عوامی اعتماد نعروں سے نہیں بلکہ کردار، دیانت، خدمت اور مسلسل رابطے سے حاصل ہوتا ہے ۔ جماعت اسلامی شہریوں کے بنیادی مسائل، حقوق، سہولیات اور شفاف نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں مہنگائی میں اضافے کا بڑا سبب ہیں، جبکہ پٹرولیم لیوی بھی عوام پر اضافی بوجھ ہے ۔ حکومت قیمتوں میں کمی اور پٹرولیم لیوی ختم یا کم کرکے عوام کو فوری ریلیف دے ۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 16 اگست کو چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، جس میں جنوبی پنجاب کے کارکن بھرپور شرکت کریں گے ۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سنیں اور حل کے لیے مؤثر آواز بنیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments