اگست کامہینہ کپاس کی فصل کیلئے اہم ترین،صباحت حسین

اگست کامہینہ کپاس کی فصل کیلئے اہم ترین،صباحت حسین

کاشتکار ہفتے میں 2 سے 3 بار پیسٹ اسکاؤٹنگ کریں،خصوصی پیغام

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان صباحت حسین نے کہا ہے کہ اگست کا مہینہ کپاس کی فصل کے لئے انتہائی اہم ہے اور فصل نازک مراحل میں داخل ہوچکی ہے ، اس لئے کاشتکار گلابی سنڈی اور سفید مکھی سمیت دیگر کیڑے مکوڑوں کے حملے سے فصل کو محفوظ رکھیں۔انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کپاس کی فصل اس وقت پھل پھول رہی ہے ، کاشتکار ہفتے میں 2 سے 3 بار پیسٹ اسکاؤٹنگ کریں۔ گرم اور حبس زدہ موسم سفید مکھی کے حملے کا سبب بنتا ہے ۔ اس کے تدارک کے لئے پیلے رنگ کے چپکنے والے پھندے استعمال کئے جائیں۔ فی ایکڑ 10 پھندے کھیت کے چاروں اطراف اور درمیان میں لگائے جائیں۔صباحت حسین نے کہا کہ اگر سفید مکھی معاشی نقصان کی حد، یعنی فی پتے 5 بالغ یا بچے یا دونوں کی موجودگی تک پہنچ جائے تو ماہرین کے مشورے سے سفارش کردہ زرعی زہروں کا استعمال کیا جائے ۔ ایک ہی زہر مسلسل استعمال کرنے کے بجائے مختلف زہروں کو باری باری استعمال کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ ڈوڈی بننے کے مرحلے میں گلابی سنڈی کے حملے کا امکان بڑھ جاتا ہے ۔

 مانیٹرنگ کے لئے ہر 5 ایکڑ پر ایک جنسی پھندہ جبکہ مؤثر مینجمنٹ کے لئے فی ایکڑ 8 جنسی پھندے لگائے جائیں۔ کاشتکار 14 سے 18 دن کے 20 نرم ٹینڈے توڑ کر 3 سے 4 دن رکھیں، بعدازاں جانچ کریں۔ 100 ٹینڈوں میں 5 متاثرہ ٹینڈے ملنے پر سپرے ضروری ہے ۔گلابی سنڈی کے تدارک کے لئے سفارش کردہ زرعی زہروں کا استعمال کیا جائے اور ماہرین کے مشورے سے 6 یا 7 دن کے وقفے سے 2 یا 3 مسلسل سپرے کئے جائیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...