واسا کا سیوریج لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ آپریشن
دن رات شفٹوں میں کام جاری، مہم تیز کردی گئی،فیصل شوکت
ملتان (وقائع نگار خصوصی)شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بروقت اور بلا تعطل سہولیات کی فراہمی کے لئے واسا ملتان نے مون سون پلان کے تحت سیوریج لائنوں، سلج کیریئرز کی صفائی اور ڈی سلٹنگ آپریشن تیز کردیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شوکت کی ہدایت پر تمام سیوریج سب ڈویژنوں کی ٹیمیں دن رات شفٹوں میں فیلڈ میں متحرک ہیں اور جدید مشینری کے ذریعے صفائی کا عمل جاری ہے ۔سوموار اور منگل کی درمیانی شب اور منگل کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں بھاری مشینری کے ذریعے سیوریج لائنوں کی صفائی اور شکایات کا ازالہ کیا گیا۔
خانیوال روڈ بالمقابل حسن آباد گیٹ نمبر ایک، لاثانی کالونی، رحمان کالونی، سرکلر روڈ پاک گیٹ چوک، احمد آباد چاہ انگوری والا، پیران غائب روڈ، معصوم شاہ روڈ، محمدی محلہ جیلانی روڈ اور جامعہ ثقلین روڈ پر سیوریج لائنوں کی صفائی کی گئی۔بوسن روڈ، شریف پورہ اور سورج کنڈ روڈ پر وینچنگ مشینری کے ذریعے درجنوں مین ہولز اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کی گئی جبکہ پرانا شجاع آباد روڈ ڈسپوزل اسٹیشن کے قریب سلج کیریئر کی بھی مشینری سے صفائی کی گئی۔
ایم ڈی واسا فیصل شوکت نے کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران صفائی مہم مزید تیز کی جائے ، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور مشینری و عملہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رکھا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments