نویں کلاس کے نتائج ،بہترکارکردگی پر اساتذہ کیلئے انعامات
نویں کلاس کے نتائج ،بہترکارکردگی پر اساتذہ کیلئے انعامات60 فیصد یا زائد نتائج والے اساتذہ و طلبہ کو اسناد، کم نتائج پر محکمانہ کارروائی
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نویں جماعت کے بورڈ امتحانات 2026 میں اچھی کارکردگی دکھانے والے سرکاری سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طلبہ کی حوصلہ افزائی جبکہ ناقص نتائج دینے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز) کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 9ویں جماعت کے بی آئی ایس ای امتحان 2026 میں 60 فیصد یا اس سے زائد نتائج حاصل کرنے والے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ کو ضلعی سطح پر تعریفی اسناد اور دیگر اعزازات دیے جائیں گے ۔مراسلے کے مطابق 60 سے 79 فیصد نتائج حاصل کرنے والوں کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد دی جائیں گی، جبکہ 80 فیصد یا اس سے زائد نتائج دینے والے ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ اور طلبہ کو خصوصی بیجز کے ساتھ تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔
محکمہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے سکولوں میں تعلیمی معیار اور آئندہ سال کے نتائج مزید بہتر ہوں گے ۔دوسری جانب جن سرکاری سکولوں کے نویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی کامیابی کی شرح 20 فیصد سے کم رہی، ان کے ہیڈ ٹیچرز اور متعلقہ مضامین کے اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے نتائج تدریسی اور تعلیمی معیار میں سنگین کوتاہی کی نشاندہی کرتے ہیں۔تمام سی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2006 کے تحت ذمہ دار ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کے خلاف کارروائی شروع کی جائے ۔ ذمہ داری کا تعین منظور شدہ سکول ٹائم ٹیبل، مضمون وار نتائج اور دیگر سرکاری ریکارڈ کی بنیاد پر ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments