نہری پانی نہ ملنے پرکسانوں کا ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا
با اثر افراد 15سال سے پانی چوری کر رہے ، زمینیں بنجر ہو چکی ہیں: کاشتکار ڈپٹی کمشنر کا نوٹس، اے سی انکوائری آفیسر مقرر، 4دن میں رپورٹ طلب
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر ) گزشتہ 15 سال سے نہری پانی سے محروم کسانوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے محکمہ انہار کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا اور پانی چوری کا سلسلہ روک کر زمینوں کی ٹیل تک نہری پانی پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق قصبہ بصیرہ کے موضع قلندر والا کے رہائشی کاشتکاروں راجو خان قلندرانی، اسلم کبڑا، شریف قلندرانی، محمد خان، قاسم کبڑا، مٹھو، عبدالخالق رضوانی اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قصبہ بصیرہ اور گردونواح کے علاقوں میں تھل واہ مائنر سے بااثر افراد مبینہ طور پر گزشتہ 15 سال سے مسلسل نہری پانی چوری کر رہے ہیں، جس کے باعث ان کی زمینیں بنجر ہو چکی ہیں اور فصلوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تھل واہ نہر سے پانی چوری کی وارداتیں فوری طور پر بند کرائی جائیں اور کسانوں کو ان کی زمینوں کی ٹیل تک مقررہ حصے کا نہری پانی فراہم کیا جائے ۔ بعد ازاں احتجاجی کسانوں نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ سے مذاکرات کیے ۔ ڈپٹی کمشنر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ام حبیبہ کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے چار روز میں رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانی چوری پر قابو پا کر کسانوں کو ہر صورت نہری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments