گرین بیلٹس، چوکوں کی خوبصورتی کیلئے شجرکاری شروع
ایس پی چوک، خان پلازہ چوک اور دیگر گرین بیلٹس میں شجرکاری کا کام جاری ،نو نمبر چونگی، آرٹس کونسل چوک اور سٹیٹ بینک کی عمارت کے اطراف خوبصورت پلانٹرزنصب کئے جا رہےایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن کاشہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کا دورہ ،شجر کاری کا جائزہ،متعلقہ عملے کو پلانٹرز نصب کرنے اور صفائی ستھرائی کے لئے خصوصی ہدایات جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے شہر کے مختلف گرین بیلٹس، چوکوں اور اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور جاری شجرکاری، تزئین و آرائش اور صفائی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر حافظ نعیم عباس اور ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ نوید بھٹہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں شہر کے مختلف علاقوں میں جاری خوبصورتی کے منصوبوں، پودوں کی صورتحال، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور دیگر اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی نے ایس پی چوک، خان پلازہ چوک اور دیگر گرین بیلٹس کا معائنہ کیا جہاں شجرکاری کا عمل جاری ہے ۔
انہوں نے مختلف مقامات پر نئے پودوں کی تنصیب، گرین بیلٹس کی صفائی، پودوں کی دیکھ بھال اور خوبصورتی کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو کام کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ نو نمبر چونگی، آرٹس کونسل چوک اور سٹیٹ بینک کی عمارت کے اطراف شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے خوبصورت پلانٹرز بھی نصب کیے جا رہے ہیں، جبکہ اہم شاہراہوں اور چوکوں کو مزید دیدہ زیب بنانے کیلئے مختلف مقامات کی تزئین و آرائش کا سلسلہ جاری ہے ۔سید وسیم حسن نے کہا کہ شہر کو سرسبز، صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کیلئے ہارٹی کلچر ایجنسی بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ اہم چوکوں، گرین بیلٹس اور مصروف شاہراہوں کے اطراف زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف، خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔
نہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر پودوں کی تعداد میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ، جبکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی سبزہ نمایاں کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شجرکاری کے بعد پودوں کی مناسب دیکھ بھال، بروقت پانی کی فراہمی، کھاد، صفائی اور تراش خراش کو یقینی بنایا جائے ۔ سڑکوں کے اطراف موجود خود رو جھاڑیوں اور غیر ضروری سبزے کی صفائی کا عمل بھی تیز کیا جائے۔ تاکہ گرین بیلٹس کی خوبصورتی برقرار رہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جاری منصوبوں میں معیار پر سمجھوتہ یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہر کو سرسبز و خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔دوسری طرف عوامی حلقوں نے سڑکوں کی خوبصورتی کیلئے کئے جانے اقدامات کو سراہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments