نوازشریف سکول آف ایمیننس کے باہر معلومات بورڈ آویزاں
مفت تعلیم، درسی کتب سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کرنے کا فیصلہ ،ذرائع
ملتان(خصوصی رپورٹر)پیف کا اہم اقدام: نواز شریف سکول آف ایمیننس کے باہر معلوماتی بورڈ آویزاں کرنے کی ہدایت، مفت تعلیم اور درسی کتب سے متعلق عوامی آگاہی کا فیصلہ تفصیل کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے ڈائریکٹوریٹ آف نیو انیشی ایٹوز نے تمام \"نواز شریف اسکول آف ایمیننس\" پارٹنر سکولوں کو اپنے اداروں کے باہر یکساں ڈیزائن اور معلوماتی بورڈز نمایاں طور پر آویزاں کرنے کا باضابطہ مراسلہ جاری کیا ہے ۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام الناس میں یہ آگاہی فراہم کرنا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے ان سکولوں میں مستحق طلباء و طالبات کو مفت تعلیم اور درسی کتب فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند بچے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام پارٹنر سکول مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ فراہم کردہ فنی اور تکنیکی ضوابط کے عین مطابق لوہے کے ڈبل سائیڈڈ بورڈز تیار کروا کر سکول کے سامنے مین روڈ یا کسی بھی ایسی نمایاں جگہ پر لگائیں جہاں یہ آسانی سے عام لوگوں کی نظر میں آ سکیں۔ پیف انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بورڈ کا فلیکس اور ڈیزائن یکسانیت برقرار رکھنے کے لئے پیف کے دیئے گئے لنک اور اِلسٹریٹر فائل سے حاصل کیا جائے ۔ تمام سکول مالکان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ مدت میں اس ہدایت پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ عوامی آگاہی کو فروغ مل سکے اور مستحق بچوں کو تعلیمی دھارے میں لانے کے ہدف کو کامیابی سے پورا کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments