مظفرگڑھ میں بھی یوم نجات ریلی، گورنر راج کے نفاذ کی حمایت
سیاسی، سماجی، تاجر رہنماؤں کی شرکت، اظہار یکجہتی، شہدا کے لیے فاتحہ خوانی
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی حمایت میں مظفرگڑھ پریس کلب رجسٹرڈ کے زیراہتمام یوم نجات ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پریس کلب کے صدر اے بی مجاہد نے کی، جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب سردار محمد اجمل خان چانڈیہ سمیت سیاسی، سماجی رہنماؤں، تاجروں اور شہریوں نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں دہشت گردوں اور فتنۃ الخوارج کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے ۔
انہوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگوائے ۔صدر پریس کلب اے بی مجاہد نے کہا کہ پاک فوج ملکی سرحدوں اور داخلی سلامتی کی محافظ ہے ، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ریلی میں جنرل سیکرٹری پریس کلب ماجد رحیم خانزادہ، ریحان قریشی، مخدوم جمشید ستاری، کامران خانزادہ، مختیار احمد چوغطہ، فرحان حسین ہاشمی، عادل قریشی، مہر سجاد، سید عامر عباس کاظمی، ملک جاوید جوئیہ، بلال ہاشمی، محمد سمیع اللہ، احمد سعید چوہدری، ملک عابد ملانہ، رانا محمد افضل، شان شیخ اور دیگر شخصیات سمیت شہریوں نے شرکت کی۔بعد نماز مغرب پریس کلب کے سامنے موم بتیاں روشن کرکے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں شہید ہونے والے پاک فوج، سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں سمیت بے گناہ شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments